این اے 130 لاہور: نواز شریف کی کامیابی برقرار، یاسمین راشد کی انتخابی درخواست خارج

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور کی قومی اسمبلی کی نشست این اے 130 سے مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف کی کامیابی کو الیکشن ٹربیونل نے درست قرار دے دیا ہے۔ ٹربیونل نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے دائر کی گئی انتخابی درخواست مسترد کرتے ہوئے نواز شریف کے حق میں جاری کردہ کامیابی کے نوٹیفکیشن کو برقرار رکھا۔

latest urdu news

یہ فیصلہ الیکشن ٹربیونل کے جج رانا زاہد محمود نے محفوظ دلائل سننے کے بعد سنایا۔ سماعت کے دوران نواز شریف کی جانب سے بیرسٹر اسد اللہ چٹھہ نے دلائل پیش کیے، جن میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ انتخابات آئین اور قانون کے مطابق منعقد ہوئے اور نتائج میں کسی قسم کی بے ضابطگی ثابت نہیں کی جا سکی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے فروری 2024 کے عام انتخابات کے نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اپنایا تھا کہ این اے 130 کے انتخابی عمل میں شفافیت نہیں برتی گئی۔ تاہم الیکشن ٹربیونل نے تمام شواہد اور دلائل کا جائزہ لینے کے بعد درخواست کو ناقابلِ قبول قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ فروری 2024 کے عام انتخابات میں این اے 130 لاہور سے میاں نواز شریف نے 1 لاکھ 71 ہزار 24 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ آزاد امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کو 1 لاکھ 15 ہزار 43 ووٹ ملے تھے۔ ٹربیونل کے فیصلے کے بعد اس حلقے سے نواز شریف کی کامیابی حتمی ہو گئی ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق اس فیصلے کے بعد لاہور کی سیاست میں مسلم لیگ (ن) کی پوزیشن مزید مستحکم ہوئی ہے، جبکہ انتخابی نتائج کے خلاف دائر دیگر درخواستوں پر بھی اس فیصلے کے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter