گجرات پولیس سرکل سرائے عالمگیر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے کرائم فری پنجاب وژن کے تحت ڈی ایس پی سرائے عالمگیر سرکل ڈاکٹر ممتاز احمد میکن کی زیر نگرانی تھانہ بولانی پولیس نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ایک منشیات فروش کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ بولانی احسان لطیف نے اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش شفقت سبحانی ولد اعجاز احمد، قوم راجپوت، سکنہ منڈی بھلوال کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 1320 گرام چرس برآمد کر لی، جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
گرفتار ملزم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ترجمان گجرات پولیس کے مطابق منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
