پی آئی اے نے مانچسٹر کے بعد اسلام آباد سے لندن کے لیے بھی پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ قومی ائیر لائن کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد سے لندن کے لیے ہفتہ وار چار پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، جو لندن کے ہیٹھرو ائیرپورٹ کے جدید ترین ٹرمینل 4 سے روانہ ہوں گی۔
ترجمان نے بتایا کہ لندن کے لیے پی آئی اے کی پہلی پرواز 29 مارچ 2026 سے روانہ ہوگی، اور یہ پرواز چھ سال کے طویل وقفے کے بعد بحالی کے بعد آپریٹ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لندن پی آئی اے کا سب سے پہلا بین الاقوامی اور انتہائی پرکشش روٹ ہے، جسے مسافروں کے لیے دوبارہ فعال کرنا کمپنی کی ترجیح رہی۔
قومی ائیر لائن پہلے ہی مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں آپریٹ کر رہی ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے اکتوبر 2025 میں اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں شروع کرنے کا افتتاح کیا تھا، جس کے بعد پی آئی اے کی پہلی پرواز مانچسٹر پہنچی تھی۔
پی آئی اے کی برطانیہ واپسی کی تیاری، لندن کیلئے پروازیں بڑھانے کا فیصلہ
اس اعلان کے بعد پی آئی اے کی بین الاقوامی پروازوں کی فہرست میں اضافہ ہو گیا ہے اور یہ اقدام پاکستانی مسافروں کے لیے یورپ کے اہم شہروں تک آسان اور سہل رابطہ فراہم کرے گا۔
