حماس کی تصدیق: القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ شہید، متعدد سینئر کمانڈر بھی جاں بحق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

غزہ میں جاری کشیدہ صورتحال کے دوران فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اپنے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ کی شہادت کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں القسام بریگیڈ کو قیادت کی سطح پر بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

latest urdu news

القسام بریگیڈ کے نئے ترجمان نے ایک ویڈیو بیان میں ابو عبیدہ سمیت دیگر اہم کمانڈروں کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ بیان کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں القسام بریگیڈ کے سینئر قائدین محمد السنوار، رائد سعد، محمد شبانہ اور حکم العیسیٰ بھی شہید ہو گئے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ نقصانات مزاحمتی جدوجہد کو کمزور نہیں کریں گے۔

نئے ترجمان نے ابو عبیدہ کا اصل نام حذیفہ الکحلوت بتایا اور کہا کہ وہ القسام بریگیڈ کے میڈیا ونگ ’’الاعلام العسکری‘‘ کے سربراہ تھے۔ انہوں نے گزشتہ بیس سال سے زائد عرصے تک القسام بریگیڈ کے ترجمان کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور اس دوران مزاحمتی تنظیم کے میڈیا ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کیا۔

بیان میں محمد السنوار کے بارے میں بھی تفصیلات سامنے آئیں، جن کے مطابق وہ القسام بریگیڈ کے سابق سربراہ محمد الضیف کے بعد تنظیم کی عسکری قیادت سنبھالے ہوئے تھے۔ ان کی شہادت کو القسام کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

حماس کے مطابق حذیفہ الکحلوت اپنے پیچھے ’’ابو عبیدہ‘‘ کا لقب چھوڑ گئے ہیں، جبکہ تنظیم کی جانب سے جاری تازہ بیان میں نئے ترجمان کے لیے بھی ’’ابو عبیدہ‘‘ ہی کا نام استعمال کیا گیا ہے۔ اس اعلان کے بعد غزہ اور دیگر علاقوں میں حماس کے حامی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی فضا پائی جا رہی ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق القسام بریگیڈ کی قیادت میں یہ تبدیلیاں خطے کی مجموعی صورتحال پر اثر انداز ہو سکتی ہیں، تاہم حماس کا مؤقف ہے کہ مزاحمت کا سلسلہ جاری رہے گا اور تنظیم اپنی حکمت عملی میں کوئی کمزوری نہیں آنے دے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter