لاہور میں بسنت 2026 کی اجازت، 6 تا 8 فروری پتنگ بازی ہوگی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور میں بسنت 2026 کے انعقاد کے لیے ضلعی انتظامیہ نے باضابطہ اجازت دے دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بسنت صرف 6، 7 اور 8 فروری کو ضلع لاہور کی حدود میں منائی جائے گی، جبکہ پتنگ بازی سخت حفاظتی اصولوں اور شرائط کے ساتھ مشروط ہوگی۔

latest urdu news

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ پتنگ بازی سے متعلق سامان کی تیاری، ترسیل اور ذخیرہ کرنے کی اجازت 30 دسمبر سے 8 فروری تک ہوگی۔ پتنگ اور ڈور کی آن لائن رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ مینوفیکچررز اور ٹریڈرز کی رجسٹریشن ای بز ایپلیکیشن کے ذریعے 9 دسمبر سے شروع کی جائے گی۔ تمام کاروباری افراد کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اپنی دکانوں پر نمایاں طور پر آویزاں کرنا ہوگا۔

انتظامیہ کے مطابق پتنگوں کے اسٹاک، فروخت اور ترسیل کا مکمل ریکارڈ رکھنا لازم ہوگا، جبکہ کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ قریبی رابطے میں کام کریں گی۔ شہریوں کو پتنگ بازی کا سامان فروخت کرنے کی اجازت یکم فروری سے 8 فروری تک دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں پتنگ اور گڈے کے سائز بھی مقرر کر دیے گئے ہیں۔ پتنگ کی زیادہ سے زیادہ چوڑائی 35 انچ اور لمبائی 30 انچ ہوگی، جبکہ گڈے کی چوڑائی 40 انچ اور لمبائی 34 انچ سے تجاوز نہیں کر سکے گی۔ مقررہ حد سے بڑے سائز کی پتنگوں پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔

پنجاب میں بسنت سے قبل پتنگ سازوں اور ایسوسی ایشنز کی رجسٹریشن کا نیا نظام نافذ

کیمیکل ڈور اور چرخیوں کے استعمال اور فروخت پر مکمل پابندی لگائی گئی ہے۔ ڈور صرف کاٹن سے تیار شدہ ہوگی اور اس پر 30 سے 35 ماشے شیشے کے مانجے کی اجازت ہوگی۔ ڈور صرف “پنا” کی صورت میں فروخت کی جا سکے گی، جبکہ خونی ڈور، تیز مانجا، نائلون اور پلاسٹک کی ڈور پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ رہے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بسنت کے دوران لاہور میں چلنے والی تمام موٹر سائیکلوں پر حفاظتی تار لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو ممنوعہ ڈور کے استعمال سے روکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کی پابندی کرنے والوں کو مکمل تحفظ دیا جائے گا، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter