کراچی کی سٹی کورٹ میں اس وقت کشیدہ صورتحال پیدا ہو گئی جب ضمانت کے لیے پیش ہونے والے معروف یوٹیوبر رجب بٹ کو وکلا کی جانب سے تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب رجب بٹ اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت پہنچے۔
رجب بٹ کے خلاف توہینِ مذہب کے مقدمے میں درخواستِ ضمانت پر سماعت مقرر تھی۔ تاہم عدالت میں موجود بعض وکلا اور وکلا کے لباس میں موجود دیگر افراد نے انہیں گھیر لیا اور مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے عدالتی ماحول میں بدنظمی پیدا ہو گئی۔
وکلا رہنماؤں کے مطابق واقعے کی وجہ رجب بٹ کی جانب سے عبوری ضمانت حاصل کرنے کے بعد جاری کیا گیا ایک وی لاگ بنا، جس میں انہوں نے مدعی مقدمہ کے حوالے سے نامناسب زبان استعمال کی تھی۔ وکلا کا کہنا ہے کہ اسی عمل پر شدید ردعمل سامنے آیا۔
رجب بٹ اور سامعہ حجاب کی نامناسب گفتگو وائرل، سوشل میڈیا پر شدید تنقید
دوسری جانب وکلا کی ہڑتال کے باعث عدالت درخواستِ ضمانت پر سماعت نہ کر سکی، جس پر کیس کی کارروائی بغیر کسی پیش رفت کے 13 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔ عدالت نے رجب بٹ کی عبوری ضمانت میں بھی اسی تاریخ تک توسیع کر دی ہے۔
واقعے کے بعد عدالتی احاطے میں سیکیورٹی اور نظم و ضبط سے متعلق سوالات بھی اٹھنے لگے ہیں، جبکہ اس معاملے پر مختلف حلقوں کی جانب سے ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
