وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حقیقی معنوں میں ترقی وہی ہوتی ہے جس کے ثمرات عام آدمی، بالخصوص غریب اور محنت کش طبقے تک پہنچیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی کے دعوے اسی وقت معتبر ہوتے ہیں جب اس سے لوگوں کی روزمرہ زندگی میں بہتری آئے۔
مریم نواز نے کہا کہ ریڑھی بان جو برسوں دھوپ، بارش اور سردی میں کھلے آسمان تلے روزگار کما رہے تھے، آج انہیں باعزت چھت فراہم کی گئی ہے۔ اب ہر ریڑھی بان فخر کے ساتھ یہ کہہ سکتا ہے کہ اس کا اپنا کاروباری مقام موجود ہے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب حکومت کے ’سہولت آن دی گو بازار‘ پروگرام کے تحت ریڑھی بانوں میں شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے 400 سے زائد اسٹالز تقسیم کیے گئے ہیں، تاکہ وہ بہتر اور محفوظ ماحول میں اپنا کاروبار کر سکیں۔
عوام بھوکی مر رہی ہے، اپوزیشن کو جیلوں کے باہر دھرنوں سے فرصت نہیں، مریم نواز
لاہور کے مختلف علاقوں میں اس منصوبے کے تحت 10 مقامات پر بازار قائم ہو چکے ہیں، جبکہ فروری تک مزید 5 مقامات پر ان بازاروں کو فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق ان بازاروں میں پھل، سبزیاں، چکن اور کریانہ سمیت روزمرہ استعمال کی اشیاء سرکاری نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔ رمضان المبارک میں دی جانے والی سستی اشیاء پورا سال عوام کو فراہم کی جائیں گی، تاکہ مہنگائی کے اثرات کم کیے جا سکیں۔
