گجرات: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گجرات کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ سول لائن پولیس نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے گھروں میں نقب زنی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث “علیا موڈا” چور گینگ کے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت علی رضا ولد طارق محمود، عمر ولد طارق محمود، سلیمان عرف سلو ولد محمد عارف اور راشد عرف راشدہ کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان گھروں میں داخل ہو کر گھریلو سامان اور قیمتی اشیاء چوری کرنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔
پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر چوری شدہ سامان بھی برآمد کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر ممکنہ وارداتوں کے حوالے سے بھی تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔
ڈی پی او گجرات نے تھانہ سول لائن پولیس کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
