پی آئی اے کی برطانیہ واپسی کی تیاری، لندن کیلئے پروازیں بڑھانے کا فیصلہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

قومی ایئر لائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے برطانیہ کے لیے اپنے فلائٹ آپریشن میں توسیع کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جسے ایئرلائن کی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ایئرلائن ذرائع کے مطابق مارچ 2026 سے لندن کے لیے پروازوں کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا، جس سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی روابط میں نمایاں بہتری آئے گی۔

latest urdu news

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کو لندن کے مصروف ترین ہیتھرو ایئرپورٹ پر ہفتہ وار چار پروازوں کے سلاٹس حاصل ہو گئے ہیں۔ یہ سلاٹس ماضی میں پی آئی اے کے پاس موجود تھے، تاہم بین الاقوامی پابندیوں کے باعث انہیں ضائع ہونے سے بچانے کے لیے عارضی طور پر ترکش ایئرلائن کو منتقل کر دیا گیا تھا۔ اب پابندیاں ختم ہونے اور صورتحال بہتر ہونے کے بعد یہ قیمتی سلاٹس دوبارہ پی آئی اے کو واپس مل گئے ہیں۔

ایئرلائن حکام کے مطابق ہیتھرو ایئرپورٹ انتظامیہ کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے کہ قومی ایئر لائن مارچ 2026 سے لندن کے لیے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کرے گی۔ اس فیصلے کو پی آئی اے کے نیٹ ورک میں توسیع اور بین الاقوامی سطح پر اعتماد کی بحالی کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد آباد ہے، جس کی وجہ سے لندن روٹ پی آئی اے کے لیے ہمیشہ سے ایک منافع بخش اور اہم روٹ رہا ہے۔ فلائٹ آپریشن کی بحالی سے نہ صرف مسافروں کو براہ راست اور آسان سفری سہولت میسر آئے گی بلکہ مہنگی متبادل ایئرلائنز پر انحصار بھی کم ہو گا۔

عارف حبیب کنسورشیم نے 135 ارب روپے میں پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز خرید لیے

حکام کا کہنا ہے کہ لندن کے لیے پروازوں میں اضافے سے پی آئی اے کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے، جو ایئرلائن کی مالی بحالی میں مددگار ثابت ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ کارگو سروسز اور بزنس کلاس مسافروں کی تعداد میں اضافے کی بھی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔

ایوی ایشن ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ قومی ایئر لائن کی ساکھ بہتر بنانے اور عالمی منڈی میں اس کی واپسی کا عندیہ ہے۔ برطانیہ جیسے بڑے اور مصروف روٹ پر دوبارہ آپریشن شروع ہونا پی آئی اے کے لیے اعتماد سازی کا اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔

حکام کا مزید کہنا ہے کہ اس پیش رفت سے نہ صرف پی آئی اے کی مالی حالت بہتر ہوگی بلکہ ملک کی مجموعی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ مسافروں، کاروباری طبقے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ پی آئی اے مستقبل میں دیگر یورپی روٹس پر بھی اپنی سروسز بحال کرے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter