پی ٹی آئی سے بات چیت کا وقت ختم ہو چکا، ترقی کے مخالفین سے کوئی مفاہمت نہیں: گورنر سندھ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل میں بیٹھا شخص سیاسی غرور کا مظاہرہ کر رہا ہے اور موجودہ حالات میں پاکستان تحریک انصاف سے مذاکرات بند کر دینے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جن عناصر نے ملک کی ترقی میں رکاوٹیں ڈالیں اور ریاستی مفادات کو نقصان پہنچایا، ان سے کسی قسم کی بات چیت نہیں ہونی چاہیے۔

latest urdu news

مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما خود مذاکرات پر آمادہ نہیں، ایسے میں بار بار بات چیت کی کوششیں بے سود ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قومی ترقی کے سفر کو سبوتاژ کرنے والوں کے ساتھ نرمی کا رویہ اختیار کرنا ملک کے مفاد میں نہیں۔ ان کے مطابق اب وقت آ گیا ہے کہ سیاست ذاتی انا کے بجائے ریاستی مفاد کے گرد گھومے۔

کامران خان ٹیسوری نے قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر ان کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کی زندگی قربانی، اصول پسندی اور عزم کی روشن مثال ہے۔ اگر آج کی سیاسی قیادت اور نوجوان نسل ان اصولوں پر عمل کرے تو پاکستان کو درپیش مسائل حل ہو سکتے ہیں اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ سال 2025 پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ ان کے مطابق پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی عسکری صلاحیت اور مؤثر حکمت عملی سے خود کو ایک مضبوط ریاست کے طور پر منوایا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے اپنے سے کئی گنا طاقتور دشمن کو شکست دے کر دنیا میں اپنی برتری ثابت کی، اور اب معیشت کے میدان میں بھی کامیابی کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی میڈیا میں پاکستان کے مثبت کردار کو تسلیم کیا جا رہا ہے اور بین الاقوامی جریدے پاکستان کو ایک کامیاب جبکہ بھارت کو ناکام ریاست کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔ ان کے بقول فیلڈ مارشل کی دوٹوک پالیسیوں نے پاکستان کو عالمی سطح پر وقار دلایا ہے اور انہیں دنیا بھر میں غیر معمولی پروٹوکول دیا جا رہا ہے۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ مضبوط عسکری حکمت عملی کے باعث قومی اعتماد بحال ہوا ہے اور اب سی پیک کے دوسرے مرحلے کے ذریعے معاشی ترقی کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔ پاکستان دوست ممالک کے ساتھ اہم معاہدے کر رہا ہے اور خطے میں استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ میں بھی اہم ذمہ داری نبھا رہا ہے۔

انہوں نے نجکاری کے عمل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دو دہائیوں بعد نجکاری شفاف انداز میں آگے بڑھ رہی ہے اور پی آئی اے کی نجکاری ایک گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے۔ آخر میں ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم اور خالد مقبول صدیقی کو 20 ارب روپے کا ترقیاتی پیکج دیا ہے اور وہ خود ان منصوبوں کی تکمیل میں فعال کردار ادا کریں گے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter