ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) گجرات رانا عمر فاروق نے کرسمس کے موقع پر ضلع بھر میں قائم مختلف چرچز کا دورہ کیا اور وہاں کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے چرچز کے منتظمین سے ملاقات کی اور کرسمس کی تقریبات کے حوالے سے انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ڈی پی او گجرات نے موقع پر موجود پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی انتہائی مستعدی اور الرٹ ہو کر انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر فوری ردعمل دیا جائے اور سیکیورٹی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ چرچز اور ان کے اطراف میں پولیس گشت کو مؤثر بنانے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔
رانا عمر فاروق نے افسران کو ہدایت کی کہ چرچز کے اطراف غیر متعلقہ افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے اور داخلی و خارجی راستوں پر مؤثر چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر رش کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ڈی پی او گجرات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسیحی برادری اور ان کی عبادت گاہوں کا تحفظ گجرات پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے جان و مال اور مذہبی آزادی کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، جسے ہر صورت احسن طریقے سے نبھایا جائے گا۔
چرچز کے منتظمین نے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے گجرات پولیس کے تعاون کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی موجودگی سے مسیحی برادری خود کو محفوظ محسوس کر رہی ہے۔ کرسمس کے موقع پر ضلع بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی جانب سے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔
