پاکستان کے معروف گلوکار اور اداکار فرحان سعید نے اپنی بیٹی جہاں آرا کی پیدائش کے بعد زندگی میں آنے والی تبدیلیوں پر جذباتی گفتگو کی ہے۔
فرحان نے ایک تفریحی پروگرام میں مداحوں کو اپنی نجی زندگی کی ایک نایاب جھلک دکھاتے ہوئے بتایا کہ بیٹی کی پیدائش ان کے لیے سب سے جذباتی لمحہ تھا۔
فرحان نے کہا کہ جیسے ہی انہوں نے نومولود بیٹی کو گود میں لیا، آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔ اس لمحے میں وہ حیران رہ گئے اور موجودہ ڈاکٹر سے سوال کیا کہ کیا والد بھی اس طرح روتے ہیں، جس پر ڈاکٹر نے مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ اتنا نہیں جتنا آپ روتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ننھی جہاں آرا نے نہ صرف ان کی زندگی میں خوشیاں بھر دی ہیں بلکہ ان کے اندر تخلیقی صلاحیتوں کو بھی ایک نئی سمت دی ہے۔ فرحان کے مطابق بیٹی نے انہیں موسیقی کی طرف دوبارہ مضبوطی سے لوٹنے کا حوصلہ دیا اور نئے موضوعات کی تلاش میں مدد کی، جس کے نتیجے میں ان کا نیا البم "خط” ایک ذاتی اور گہرے جذبات پر مبنی منصوبہ بن کر سامنے آیا۔
کیارا ایڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا کے ہاں بیٹی کی پیدائش
فرحان سعید نے مزید کہا کہ والد بننے کے بعد زندگی، محبت اور فن کو دیکھنے کا انداز بدل گیا ہے۔ بیٹی کی آمد نے انہیں موسیقی میں نئے زاویے تلاش کرنے اور جذبات کو بہتر طور پر پیش کرنے کی تحریک دی ہے۔
مداحوں نے فرحان کے اس جذباتی اعتراف کو بے حد سراہا ہے اور سوشل میڈیا پر ان کی عاجزی، خاندانی وابستگی اور والدانہ محبت کی تعریف کی جا رہی ہے۔ یہ گفتگو فرحان کی ذاتی زندگی میں تبدیلیوں اور بیٹی کی اہمیت کو واضح طور پر اجاگر کرتی ہے۔
