وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف جنگ میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی اور افواج نے دشمن کو ایسا سبق سکھایا جو وہ زندگی بھر نہیں بھولے گا۔
مظفر آباد میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جنگ کے دوران کشمیریوں سمیت پورے ملک نے افواج کی کامیابی کے لیے دعائیں کیں، اور پاکستانی افواج نے اپنے عزم اور قربانی سے دشمن کو عبرت کا نشان بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور کشمیر کو دنیا کے نقشے پر ایک عظیم مقام دلائیں گے اور وہ دن ضرور آئے گا جب مقبوضہ کشمیر آزاد ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ محنت اور شبانہ روز جدوجہد کے ذریعے پاکستان کو ایک عظیم مملکت بنانا ہے، اور صلاحیت و محنت کسی جسمانی کمزوری کی محتاج نہیں ہوتیں۔ انہوں نے لیپ ٹاپ اسکیم پر بھی بات کی اور وضاحت دی کہ یہ اسکیم نوجوانوں کے لیے ترقی اور تعلیم کا وژن ہے، نہ کہ رشوت۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس اسکیم کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا، حالانکہ نواز شریف کے دور میں بھی لاکھوں لیپ ٹاپ بغیر کسی سفارش کے تقسیم کیے گئے۔
بھارت کے خلاف کامیابی جنگی نہیں، اخلاقی فتح بھی ہے: بلاول
وزیراعظم نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں چار نئے دانش اسکولوں کی منظوری دی گئی ہے اور حکومت نوجوانوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، کیونکہ یہی ملک کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔
شہباز شریف نے زور دیا کہ پاکستان کی عظمت اور خطے کے لوگوں کی قربانیوں کو یاد رکھنا ضروری ہے، اور لیپ ٹاپ اسکیم محض ایک پروگرام نہیں بلکہ پاکستان کے روشن مستقبل کا وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم اور صلاحیتوں میں سرمایہ کاری ہی ملک کو مضبوط اور خوشحال بنائے گی۔
