فاسٹ باؤلر گیدے پریاندانا نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔ انہوں نے کمبوڈیا کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں ایک اوور میں پانچ وکٹیں لے کر یہ عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
28 سالہ دائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر نے اوور کی پہلی تین گیندوں پر مسلسل تین وکٹیں لے کر ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ اس کے بعد ایک ڈاٹ بال کے بعد انہوں نے مونگ دارا سوک اور پیل وینک کو بھی آؤٹ کیا، یوں ایک اوور میں پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام درج کروا لیا۔
میچ میں انڈونیشیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 167 رنز بنائے، جبکہ کمبوڈیا کی ٹیم صرف 107 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ پریاندانا کی بولنگ نے میچ کے نتیجے میں اہم کردار ادا کیا اور انڈونیشیا کی شاندار فتح میں مدد دی۔
واضح رہے کہ ڈومیسٹک مردوں کی ٹی 20 کرکٹ میں ایک اوور میں پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ اس سے قبل دو مرتبہ ہو چکا ہے، لیکن بین الاقوامی سطح پر یہ کامیابی پہلی بار گیدے پریاندانا کے نام ہوئی ہے۔ ان کی اس کارکردگی کو کرکٹ کے شائقین اور ماہرین نے تاریخی اور قابلِ تعریف قرار دیا ہے۔
