قصور: پاک–بھارت سرحد پر پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر ایک بھارتی شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ واقعہ قصور کے تھانہ گنڈا سنگھ کی حدود میں سہجرہ کے مقام پر پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق پاک رینجرز کے جوان نصیر نے سرحد پار کر کے پاکستانی علاقے میں داخل ہونے والے بھارتی شہری شرندیپ سنگھ ولد ستنام سنگھ کو حراست میں لیا۔ گرفتار شخص کا تعلق پوئی پور، تحصیل شاہکوٹ، ضلع جالندھر (بھارت) سے بتایا جا رہا ہے۔
ابتدائی کارروائی کے بعد رینجرز نے ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ گنڈا سنگھ پولیس کے حوالے کر دیا ہے، جہاں اس سے تفتیش جاری ہے۔
حکام کے مطابق تاحال بھارتی شہری کے پاکستان میں داخل ہونے کے مقاصد واضح نہیں ہو سکے۔ تفتیش کے دوران یہ جانچ کی جا رہی ہے کہ آیا سرحد پار کرنا غلطی، راستہ بھٹکنے، اسمگلنگ، جاسوسی یا کسی اور نیت کے تحت تھا۔ سیکیورٹی ادارے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں اور قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی آگے بڑھائی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آ سکیں گے
