بنگلادیش میں طلبہ تحریک کے رہنما شریف عثمان ہادی کی آخری رسومات، ہزاروں افراد کی شرکت

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

بنگلادیش میں طلبہ تحریک کے ممتاز اور سرگرم رہنما شریف عثمان ہادی کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بین الاقوامی اور بنگلادیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق نمازِ جنازہ کے موقع پر ہزاروں افراد جمع ہوئے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عثمان ہادی نوجوانوں اور طلبہ میں کس قدر مقبول اور بااثر شخصیت تھے۔

latest urdu news

32 سالہ شریف عثمان ہادی کو ان کی علمی، سماجی اور طلبہ حقوق کے لیے جدوجہد کی وجہ سے خاص پہچان حاصل تھی۔ نمازِ جنازہ کے بعد انہیں ڈھاکا یونیورسٹی میں سپردِ خاک کیا جائے گا، جہاں وہ بطور طالب علم اور رہنما طویل عرصے تک سرگرم رہے۔ جنازے کے موقع پر فضا سوگوار رہی اور شرکا کی آنکھیں اشکبار نظر آئیں۔

واضح رہے کہ شریف عثمان ہادی پر 12 دسمبر کو ڈھاکا میں اس وقت حملہ کیا گیا تھا جب نقاب پوش افراد نے انہیں نشانہ بنایا۔ حملہ آوروں نے انہیں سر میں گولی ماری، جس کے بعد وہ شدید زخمی ہو گئے۔ حالت نازک ہونے کے باعث 15 دسمبر کو انہیں بہتر علاج کے لیے سنگاپور منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

گزشتہ روز شریف عثمان ہادی کی میت سنگاپور سے ڈھاکا پہنچائی گئی، جہاں ان کے استقبال کے لیے بڑی تعداد میں افراد موجود تھے۔ ان کی میت کو دیکھ کر فضا غم اور غصے سے بھر گئی، جبکہ مختلف طلبہ تنظیموں اور سماجی حلقوں نے ان کے قتل کی شدید مذمت کی۔

بنگلادیش میں سینیئر صحافی انیس عالمگیر گرفتار، ریاست مخالف سرگرمیوں کے الزامات

عثمان ہادی کے قتل کے بعد بنگلادیش میں حالات کشیدہ ہو گئے ہیں۔ مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں اور انصاف کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔ آج پورے ملک میں ان کی یاد میں یومِ سوگ منایا جا رہا ہے، جس کے تحت تعلیمی اداروں میں سیاہ پٹیاں باندھی گئیں اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

سیاسی اور سماجی رہنماؤں نے بھی شریف عثمان ہادی کے قتل کو بنگلادیش میں جمہوری اور طلبہ حقوق کی جدوجہد پر حملہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے کڑی سزا دی جائے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ عثمان ہادی کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور ان کا مشن جدوجہد کی صورت میں جاری رہے گا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter