وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیانیے کی سیاست کرنے والوں نے ملک کو تباہی اور ڈیفالٹ کے دہانے تک پہنچا دیا، جبکہ آج عوام بھوک، مہنگائی اور بے روزگاری کا سامنا کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے اپوزیشن جیلوں کے باہر دھرنوں میں مصروف ہے اور انہیں عام آدمی کی مشکلات سے کوئی سروکار نہیں۔
لودھراں میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جو صوبے یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ پنجاب کے پاس بہت زیادہ وسائل ہیں، وہ دراصل اپنی نااہلی اور کرپشن چھپانے کے لیے ایسے بیانات دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت تمام صوبوں کو وافر فنڈز ملتے ہیں، تاہم پنجاب وہ واحد صوبہ ہے جہاں یہ وسائل براہِ راست عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہو رہے ہیں۔
این ایف سی شیئر میں پنجاب کو سب سے کم حصہ ملتا ہے، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات ضروری ہوتے ہیں، صرف نعرے لگانے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور وہ کام جو ماضی میں مرد وزرائے اعلیٰ نہ کر سکے، ایک خاتون وزیراعلیٰ نے ممکن بنا کر دکھایا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب آج خواتین کے لیے ایک محفوظ صوبہ بن چکا ہے اور حکومت خواتین کے تحفظ اور بااختیار بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 2026 کو پنجاب کے نوجوانوں کا سال قرار دیا جائے گا اور نوجوانوں کے لیے ایسے منصوبے شروع کیے جائیں گے جو ان کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کے مستقبل سے وابستہ ہے اور کسی صورت ان کے خواب بکھرنے نہیں دے گی، جبکہ صوبے کی ترقی اور عوامی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح رہے گی۔
