وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہروں اور قصبوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیے بغیر بہتر ڈیزائننگ اور مضبوط انفرااسٹرکچر ممکن نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تجاوزات شہری ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں اور مسائل کے مستقل حل کے لیے اس کے خلاف مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔
اسلام آباد میں اقبال فلائی اوور ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایسے ترقیاتی منصوبے عام آدمی کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرتے ہیں اور شہری زندگی کو آسان بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولت دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور جدید انفرااسٹرکچر ہی ترقی یافتہ شہروں کی پہچان ہوتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ قلیل مدت میں منصوبے کی تکمیل قابلِ تعریف ہے۔
حکومت نے 200 ارب روپے کی بجلی سبسڈی کی منظوری دے دی
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ دو برسوں میں اسلام آباد ایک نئے اور جدید شہر کے طور پر ابھرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور اسلام آباد کی ترقی کے لیے ویژن 2027ء پر عملدرآمد جاری ہے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ اقبال چوک فلائی اوور پراجیکٹ ریکارڈ 77 روز میں مکمل کیا گیا، جبکہ منصوبے کے اطراف تین ہزار نئے پودے اور درخت بھی لگائے گئے ہیں تاکہ شہر کو سرسبز اور خوبصورت بنایا جا سکے۔
