امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی قیادت میں امریکا نے صرف دس ماہ کے مختصر عرصے میں آٹھ جنگوں اور بین الاقوامی تنازعات کو رکوانے میں کردار ادا کیا، جو بقول ان کے اس سے قبل کوئی حکومت نہ کرسکی۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے امریکا ناکامیوں اور زوال کی طرف جا رہا تھا، تاہم موجودہ انتظامیہ نے ملک کو دوبارہ استحکام اور ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سابق صدر جو بائیڈن کی پالیسیاں امریکا کے مفاد میں نہیں تھیں، اسی لیے ان پالیسیوں کو دوبارہ نافذ ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بائیڈن دور میں غیرقانونی تارکینِ وطن نے امریکی شہریوں سے روزگار کے مواقع چھینے، جبکہ ان کی حکومت کے دوران پیدا ہونے والی تمام نئی نوکریاں امریکا میں پیدا ہونے والے افراد کو دی گئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام نے انہیں کرپٹ نظام کے خاتمے کے لیے واضح اور مضبوط مینڈیٹ دیا ہے، جس کے تحت غیرقانونی امیگریشن کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق امریکا میں غیرقانونی آمدورفت کا سلسلہ بڑی حد تک بند کر دیا گیا ہے اور سرحدی سلامتی کو مؤثر بنایا گیا ہے۔
پانچ جنگیں رکوا چکا ہوں، نوبل امن انعام کا حقدار ہوں،ٹرمپ
امریکی صدر نے منشیات کے خلاف جاری کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ زمین اور سمندر کے راستے امریکا میں منشیات کی اسمگلنگ میں 94 فیصد کمی لائی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابیاں مضبوط پالیسیوں اور فیصلہ کن قیادت کا نتیجہ ہیں، اور ان کی حکومت مستقبل میں بھی امریکا کو محفوظ اور مستحکم بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
