جہلم میں ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کرسمس کے حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا اور کہا کہ مسیحی برادری کے تہوار کے دوران گرجا گھروں کی سیکیورٹی، صفائی ستھرائی اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے پولیس اور ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ روڈ ٹریفک مینجمنٹ کے تحت ریسکیو کی جانب سے نشاندہی کیے گئے خطرناک مقامات اور غیر قانونی یو ٹرنز کا فوری معائنہ کر کے انہیں بلاک کیا جائے تاکہ شہریوں کی قیمتی جانوں کا تحفظ ممکن ہو سکے۔
اس کے علاوہ میر رضا اوزگن نے میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عمل درآمد کروائیں اور عوامی مقامات اور بلند و بالا عمارتوں میں حفاظتی اقدامات پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے تاکید کی کہ شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام تجویز کردہ اقدامات پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور اس کی مکمل رپورٹ پیش کی جائے تاکہ کرسمس کے دوران ضلع بھر میں امن و امان اور حفاظتی اقدامات کی اعلیٰ سطح پر نگرانی ہو سکے۔
