شدید دھند کے باعث ملک کی اہم موٹرویز ایم 3، ایم 4 اور ایم 5 مختلف مقامات پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔ موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق ایم 3 درخانہ سے رجانہ تک، ایم 4 گوجرہ سے ملتان تک اور ایم 5 ملتان سے ظاہر پیر تک بند ہیں، کیونکہ حدِ نگاہ میں نمایاں کمی کے باعث سفر انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی یا اوورٹیکنگ سنگین حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔ ترجمان سید عمران احمد نے کہا کہ ڈرائیور حضرات لین ڈسپلن کی سختی سے پابندی کریں اور آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔
انہوں نے مزید مشورہ دیا کہ دھند کے دوران سفر کی محفوظ ترین مدت صبح 10 بجے سے شام 6 بجے کے درمیان سمجھی جاتی ہے، اور امکان ہو تو سفر اسی وقت کریں۔ ڈرائیورز کو ہدایت کی گئی ہے کہ فوگ لائٹس اور ہیڈ لائٹس کی حالت درست ہو تاکہ حدِ نگاہ بہتر بنائی جا سکے۔
خیبرپختونخوا میں دھند کے باعث اسکولوں کے نئے اوقات کار نافذ
موٹروے پولیس نے شہریوں کو کہا کہ دورانِ سفر رفتار کم رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد کے لیے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ شہریوں کی حفاظت موٹروے پولیس کی اولین ترجیح ہے اور موسم بہتر ہوتے ہی موٹرویز کو مرحلہ وار کھول دیا جائے گا۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دھند کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔
