ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق کی ہدایت پر ضلع بھر کے مختلف تعلیمی اداروں میں ایک ہمہ گیر موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو مزید مضبوط بنانا اور کسی بھی ہنگامی کیفیت میں پولیس سمیت متعلقہ محکموں کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو جانچنا تھا۔
اس خصوصی عملی مشق میں پولیس، سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس، ریسکیو 1122، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔ ڈرل کے دوران ایک فرضی دہشت گردی حملے کے منظرنامے کو ترتیب دیا گیا، جس کے تحت اسکول کی عمارت کا مکمل حفاظتی معائنہ کیا گیا اور مشتبہ افراد کی موجودگی پر فوری رسپانس کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔
گجرات پولیس کے 9 کانسٹیبل ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر ترقی پا گئے
ایلیٹ فورس نے ریپڈ ایکشن اور عمارت کو کلیئر کرنے کی عملی تربیت پیش کی جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے زخمیوں کی فوری منتقلی، ابتدائی طبی امداد اور ایمرجنسی میڈیکل اسسٹنس فراہم کرنے کا عملی مظاہرہ کیا۔ اسی طرح، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے حفاظتی سوئپ اور سرچ آپریشن سر انجام دیا تاکہ دھماکا خیز مواد کے ممکنہ خطرات کا جائزہ لیا جا سکے۔
ٹریفک پولیس نے ایمرجنسی حالات میں متبادل راستوں کی فراہمی اور ٹریفک ڈائیورشن کے انتظامات کو بھی عملی طور پر پیش کیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے دوران سڑکوں پر رکاوٹ یا ہجوم سے بچا جا سکے۔
ڈی پی او رانا عمر فاروق نے کہا کہ گجرات میں امن و امان قائم رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ اس طرح کی فرضی مشقیں نہ صرف فورس کی مہارت بڑھاتی ہیں بلکہ انہیں کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں بروقت اور مؤثر کارروائی کے لیے تیار رکھتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور پولیس ہر خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت مستعد ہے۔
