انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ویژن کے تحت پولیس اہلکاروں کی محکمانہ ترقی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت گجرات پولیس کے 9 کانسٹیبلز کو ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔
پولیس لائن گجرات میں ترقی پانے والے افسران کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر نعیم اقبال گجر نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ترقی پانے والے افسران کے اہلِ خانہ کو بھی بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا، جس سے تقریب کی خوشی اور وقار میں مزید اضافہ ہوا۔
ترقی پانے والے اہلکاروں میں محمد شاہد آصف، محمد جاوید اختر، عثمان عارف، عامر عباس، کلیم اللہ، محمد ندیم، قدیر احمد، محمد سلیم اور حسنین ناصر شامل ہیں۔ ڈی پی او اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر نے تمام افسران کو باقاعدہ بیجز لگا کر مبارکباد پیش کی اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
گجرات پولیس کو ریسکیو 1122 کے تعاون سے ایمرجنسی رسپانس تربیت
اس موقع پر ڈی پی او رانا عمر فاروق نے اپنے خطاب میں کہا کہ ترقی کسی بھی پولیس افسر کے کیریئر کا اہم لمحہ ہوتی ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہوتی ہے جب وہ محنت، دیانت اور فرض شناسی کے ساتھ فرائض انجام دے۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے ترقی پانے والے تمام افسران اپنی ذمہ داریاں مزید لگن اور ایمانداری سے ادا کریں گے تاکہ پولیس کا وقار بلند ہو اور عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو سکے۔
ڈی پی او نے مزید کہا کہ گجرات پولیس پیشہ ورانہ صلاحیتوں، نظم و ضبط اور عوامی خدمت کے عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔
