راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ کے علاقے آزاد پتن میں ایک افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر وین بے قابو ہوکر دریا میں جاگری۔ حادثہ اس قدر اچانک تھا کہ مسافروں کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ مل سکا، جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی میں تقریباً آٹھ سے دس افراد سوار تھے۔
حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو 1122 کی متعدد ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق سرچ اور ریلیف آپریشن میں چھ ریسکیو گاڑیاں اور بیس سے زائد اہلکار حصہ لے رہے ہیں، جو دریا میں بہہ جانے والے مسافروں کی تلاش میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کے دوران تین افراد کی لاشیں دریا سے نکال لی ہیں۔ چار مسافر اپنی مدد آپ کے تحت گاڑی سے نکلنے میں کامیاب ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دریا کے بہاؤ اور مشکل جغرافیائی صورتحال کے باعث آپریشن میں رکاوٹیں پیش آرہی ہیں تاہم لاپتہ افراد کی تلاش بھرپور انداز میں جاری ہے۔ مزید تفصیلات سرچ آپریشن کے مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔
