وزیراعظم شہباز شریف ترکمانستان روانہ، امن فورم میں اہم علاقائی ملاقاتیں متوقع

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم شہباز شریف ترکمانستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اشک آباد روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ 11 اور 12 دسمبر کو ہونے والے بین الاقوامی فورم برائے امن و اعتماد میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ یہ فورم خطے میں تعاون، عالمی استحکام اور مشترکہ ترقی کے موضوعات پر منعقد کیا جارہا ہے۔

latest urdu news

اپنے قیام کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف کے ساتھ خصوصی ملاقات طے ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے امکانات، تجارت کے فروغ، علاقائی امن اور توانائی کے منصوبوں پر گفتگو ہوگی۔ خاص طور پر تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ ایجنڈے کا اہم حصہ ہوگا، جسے دونوں ممالک خطے کے توانائی تعاون کے لیے کلیدی حیثیت دیتے ہیں۔

دورے کے دوران وزیراعظم کی دیگر ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں باہمی اقتصادی شراکت داری، علاقائی روابط، امن و استحکام اور بین الحکومتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور دیگر اہم سرکاری شخصیات بھی ترکمانستان روانہ ہوئی ہیں۔

عالمی امن فورم میں روس، ایران، ازبکستان، آذربائیجان، قازقستان سمیت متعدد ممالک کی قیادت بھی شریک ہوگی، جس سے فورم کی سفارتی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق یہ دورہ پاکستان کے علاقائی کردار، سفارتی روابط اور توانائی تعاون میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوسکتا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter