جہلم: پولیس تحفظ مرکز جہلم نے ایک منفرد اور قابلِ ستائش اقدام کے ذریعے معاشرتی ہم آہنگی کی بہترین مثال قائم کر دی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے ایک بزرگ شہری نے پولیس تحفظ مرکز سے رجوع کرتے ہوئے شکایت کی کہ ان کا بیٹا نافرمانی کرتا ہے اور دونوں کے درمیان تعلقات میں کشیدگی پیدا ہو چکی ہے۔
جہلم پولیس نے فوری طور پر بیٹے کو تحفظ مرکز طلب کیا اور والد کے سامنے اس سے معافی منگوا کر معاملہ صلح صفائی سے حل کرایا۔ والد نے بھی فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیٹے کو معاف کر دیا اور گلے لگا لیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کا کہنا تھا کہ جہلم پولیس شہریوں کی خدمت، ان کے مسائل کے حل اور معاشرے میں امن کے قیام کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس قسم کے اقدامات سے عوام کا پولیس پر اعتماد مضبوط ہوتا ہے اور معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ ملتا ہے۔
