الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات 15 فروری 2026 کو منعقد ہوں گے، اور پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔
شیڈول کے مطابق ریٹرننگ آفیسرز 19 دسمبر کو کاغذات نامزدگی کے لیے پبلک نوٹس آویزاں کریں گے، جبکہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مدت 22 دسمبر سے 27 دسمبر تک مقرر کی گئی ہے۔ کاغذات کی جانچ پڑتال 30 دسمبر سے 3 جنوری 2026 تک ہوگی، اور اپیلیں 5 سے 8 جنوری کے دوران دائر کی جا سکیں گی۔ ٹربیونلز ان اپیلوں کو 9 سے 13 جنوری تک نمٹائیں گے۔
امیدوار کاغذات نامزدگی واپس کرنے کی آخری تاریخ 15 جنوری 2026 ہے، جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست 16 جنوری کو آویزاں کی جائے گی اور انتخابی نشان بھی اسی روز الاٹ کیے جائیں گے۔
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق فیصلہ محفوظ
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج 16 سے 19 فروری کے درمیان مرتب کیے جائیں گے۔ انتخابات کے دوران تمام عمل شفاف اور قواعد کے مطابق ہوگا تاکہ شہریوں کو بلا رکاوٹ اور منصفانہ ووٹنگ کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
الیکشن کمیشن نے امیدواروں اور پارٹیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام تقاضوں اور قواعد و ضوابط کی پابندی کریں تاکہ انتخابی عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ یا قانونی پیچیدگی پیدا نہ ہو۔
