گوادر اور گلگت بلتستان کیلئے بڑے توانائی منصوبوں کی منظوری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر اور گلگت بلتستان میں بجلی کی فراہمی سے متعلق اہم منصوبوں کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ان منصوبوں پر فوری اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام اور کاروباری شعبے کو درپیش توانائی مسائل کا مستقل حل فراہم کیا جاسکے۔

latest urdu news

وزیراعظم کی زیر صدارت پاور سیکٹر اصلاحات کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں گوادر پورٹ سٹی میں بجلی کی فراہمی میں رکاوٹوں اور تعطل کے مکمل خاتمے کے لیے جامع منصوبہ پیش کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزارت توانائی کے اقدامات کے باعث گوادر میں بجلی فراہمی میں تعطل 42 فیصد تک کم کردیا گیا ہے جبکہ آئندہ چھ ماہ میں وولٹیج کو مکمل طور پر مستحکم کرنے کے لیے تفصیلی پلان مرتب کیا جاچکا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ قلیل مدتی منصوبوں میں آئندہ 8 سے 12 ماہ کے دوران بڑے سرکاری اداروں میں 9.7 میگاواٹ سولر کپیسٹی نصب کی جائے گی، جبکہ طویل مدتی منصوبوں میں 40 میگاواٹ کا بجلی منصوبہ شامل ہے جو گوادر میں مستحکم اور قابل بھروسہ بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنائے گا۔

گلگت بلتستان سے متعلق بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ چھتوں اور یوٹیلیٹی سطح پر سولر منصوبے 2027 تک مکمل کئے جائیں گے۔ گلگت بلتستان کی حکومت اور وزارت توانائی کے مشترکہ منصوبوں سے سالانہ تقریباً ایک ارب روپے کی بچت متوقع ہے۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ خطے میں صنعتی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مستقل توانائی نظام کی بحالی انتہائی ضروری ہے۔

ایس سی او ویژن 2025، گلگت بلتستان میں جدید ترین 100 آئی ٹی سیٹ اپس قائم

وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ گوادر پورٹ سٹی میں بلاتعطل، مناسب قیمت اور قابل اعتماد بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ سولر پروجیکٹ پر فوری عملدرآمد شروع کرنے کی بھی منظوری دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ گوادر میں توانائی اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی اسے عالمی معیار کی بندرگاہ اور مستقبل کا معاشی مرکز بنائے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter