پی ایس ایل کی نئی بڈ مکمل طور پر اوپن، شفاف اور عالمی معیار کے مطابق ہوگی: محسن نقوی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اگلے سائیکل کے لیے نئی بڈنگ مکمل طور پر اوپن، شفاف اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق کرائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ لیگ کے اسٹریٹجک معاملات سے وابستہ تمام فیصلے شفافیت، مسابقت اور فرنچائزز کے اعتماد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں۔

latest urdu news

لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کے تاریخی روڈ شو میں پینل گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ مل کر ایسے اقدامات کر رہی ہیں جن سے نہ صرف کرکٹ کے انفراسٹرکچر کو فائدہ پہنچے گا بلکہ لیگ کی عالمی سطح پر برانڈ ویلیو بھی بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کو دنیا کی نمبر ون کرکٹ لیگ بنانا ان کا بنیادی ہدف ہے اور اس سلسلے میں جامع منصوبہ بندی جاری ہے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی بے پناہ کمی نہیں، بلکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس ٹیلنٹ کو ایک ایسے پلیٹ فارم تک رسائی دی جائے جہاں یہ نکھر کر سامنے آسکے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بہترین لیبارٹری ثابت ہوئی ہے جہاں انہیں عالمی معیار کے کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملتا ہے، جو ان کے کھیل میں اعتماد اور بہتری لاتا ہے۔

محسن نقوی نے بتایا کہ پی ایس ایل کرکٹرز کو دیے جانے والے مالی انعامات اور شاندار پلیٹ فارم ان کی حوصلہ افزائی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے ہر طرح کے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے کرکٹ کی ترقی کے لیے اقدامات جاری رکھے، حتیٰ کہ مشکل حالات میں بھی لیگ کے معیار یا تسلسل پر سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔

لارڈز میں پی ایس ایل کا تاریخی روڈ شو، پاکستان کرکٹ کے عالمی سفر میں نیا سنگِ میل

انہوں نے اس موقع پر پی ایس ایل میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو یقین دہانی کرائی کہ لیگ میں سرمایہ کاری ہمیشہ فائدہ مند ثابت ہوتی ہے، کیونکہ اس کے تجارتی پہلو مسلسل مستحکم اور بہتر ہو رہے ہیں۔

محسن نقوی نے بتایا کہ پی سی بی اسلام آباد میں ایک جدید ترین کرکٹ اسٹیڈیم بنانے جا رہا ہے جس میں شائقین کے لیے میوزیکل کنسرٹس سمیت تفریحی سرگرمیاں بھی شامل ہوں گی، تاکہ شائقین کو عالمی سطح کا تجربہ فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ پی سی بی امریکا کے شہر نیویارک میں بھی ایک بڑا کرکٹ روڈ شو منعقد کرنے کی تیاری کر رہا ہے جس کا مقصد پی ایس ایل کو عالمی سطح پر مزید متعارف کرانا ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے یہ بھی بتایا کہ بہت جلد شائقین کے لیے پاکستان کرکٹ کا اپنا او ٹی ٹی (OTT) پلیٹ فارم بھی لانچ کیا جائے گا، جس سے کرکٹ مواد تک رسائی مزید آسان اور جدید ہو جائے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter