ن لیگ کا سینیٹر عرفان صدیقی کی نشست پر عابد شیر علی کو نامزد کرنے کا فیصلہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

مسلم لیگ (ن) نے پارٹی کے سینئر رہنما اور مرحوم سینیٹر عرفان صدیقی کی وفات کے بعد سینیٹ میں خالی ہونے والی نشست پر عابد شیر علی کو نامزد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

latest urdu news

یہ فیصلہ ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کے ایک اہم مشاورتی اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت سابق وزیراعظم اور پارٹی قائد نواز شریف نے کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں مختلف ناموں پر غور کیا گیا، تاہم پارٹی قیادت اس نتیجے پر پہنچی کہ موجودہ سیاسی حالات اور پارلیمانی ذمہ داریوں کے تناظر میں عابد شیر علی موزوں ترین امیدوار ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شریک رہنماؤں نے متفقہ طور پر ان کے نام کی توثیق کی، جس کے بعد انہیں باضابطہ طور پر سینیٹ کا ٹکٹ جاری کرنے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔

سینیٹر عرفان صدیقی انتقال کرگئے

پارٹی ذرائع کے مطابق عابد شیر علی کا وسیع سیاسی تجربہ، وفاداری اور پارلیمانی امور میں مہارت اس فیصلے کی اہم وجوہات میں شامل ہیں۔ وہ ماضی میں وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور فیصل آباد سے قومی اسمبلی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔

ن لیگ کے اندرونی حلقوں کے مطابق قیادت چاہتی ہے کہ سینیٹ میں تجربہ کار اور متحرک ارکان کی تعداد میں اضافہ ہو تاکہ پارلیمانی سطح پر پارٹی مؤقف زیادہ مؤثر طریقے سے اجاگر کیا جاسکے۔

واضح رہے کہ سینیٹر عرفان صدیقی گزشتہ ماہ اسلام آباد کے ایک نجی اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔

وہ مارچ 2021 میں سینیٹر منتخب ہوئے تھے اور اپنی دانشورانہ صلاحیتوں، اعتدال پسند سیاسی سوچ اور صحافتی خدمات کے باعث سیاسی و ادبی حلقوں میں احترام کی نظر سے دیکھے جاتے تھے۔ ان کی وفات سے سینیٹ میں ایک نشست خالی ہوئی جسے آئینی تقاضوں کے مطابق جلد پر کیا جانا ضروری تھا۔

پارٹی رہنماؤں نے عرفان صدیقی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمی مدتوں محسوس کی جائے گی۔ دوسری جانب عابد شیر علی کی نامزدگی کے بعد ن لیگ کے کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور وہ اسے پارٹی کے آئندہ سیاسی لائحہ عمل کے لیے مثبت پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter