جہلم: پنجاب حکومت کی جانب سے صوبائی موٹر وہیکل آرڈیننس 2025 کی چوتھی ترمیم یکم دسمبر سے باقاعدہ طور پر نافذ العمل ہو گئی ہے۔
اس ترمیم کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے بھاری جرمانے، مقدمات کا فوری اندراج، موقع پر گرفتاری اور متعدد سخت سزائیں شامل کی گئی ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر خرم ستی سمیت دیگر پولیس اور ٹریفک عملہ کے ہمراہ شہریوں کو نئے قوانین اور ان پر عملدرآمد کے طریقہ کار سے آگاہی دی۔
اس موقع پر شہریوں کو بینرز، سوشل میڈیا پیغامات اور ریفریشر بریفنگ کے ذریعے بھی خبردار کیا جا رہا ہے کہ اب کسی قسم کی غفلت یا قانون شکنی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ یہ قوانین ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنانے، حادثات میں کمی لانے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہیں۔
انہوں نے دوران ڈرائیونگ شہریوں اور موٹر سائیکل ڈرائیوروں سے موقع پر لائسنس اور کاغذات بھی چیک کیے اور ہدایت کی کہ اوور اسپیدنگ، کم عمر ڈرائیونگ، ون ویلنگ، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے، بغیر لائسنس گاڑی چلانے اور غلط پارکنگ جیسے جرائم سے مکمل اجتناب کیا جائے۔
ڈی پی او جہلم نے واضح کیا کہ قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی اور شہری اپنی حفاظت اور دوسروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے قوانین کی مکمل پابندی کریں۔
