پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف جاری کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 63 ہزار 970 موٹر سائیکل اور گاڑیوں کو چالان کیا گیا، جب کہ مجموعی طور پر 8 کروڑ 42 لاکھ 90 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مختلف خلاف ورزیوں پر 23 ہزار 904 گاڑیاں پنجاب کے متعدد تھانوں میں زیرِ تحویل رکھ لی گئی ہیں۔ ہیلمٹ نہ پہننے کی خلاف ورزی پر ایک ہی دن میں 28 ہزار سے زائد چالان کیے گئے اور 4 ہزار 312 افراد کے خلاف مقدمات بھی درج ہوئے۔
راولپنڈی: ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن، ڈی ایس پی سمیت 21 سرکاری گاڑیوں کے چالان
ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا بھی لیا جا رہا ہے۔ گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی اور ملتان میں خلاف ورزیوں کی نگرانی کے لیے ڈرون کیمروں کا استعمال جاری ہے، جب کہ فوری کارروائی کے لیے ٹریفک کوئیک فورس کی خصوصی ٹیمیں بھی فعال کر دی گئی ہیں۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ حادثات سے بچنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے قوانین پر سختی سے عمل کریں۔
