بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان کی بحیثیت چانسلر نامزدگی کیخلاف آکسفورڈ یونیورسٹی میں پٹیشن دائر کر دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹیشن دائر کرنے والے ن لیگ کے کارکن خرم بٹ کا یہ کہنا تھا کہ عمران خان آکسفورڈ جیسی معتبر یونیورسٹی کے چانسلر بننے کی اہلیت نہیں رکھتے ہیں، سابق وزیراعظم عمران خان مالی کرپشن میں ملوث ہیں، انہیں بدعنوانی پر توشہ خانہ مقدمے میں بھی سزا سنائی جا چکی ہے۔
خرم بٹ کا یہ کہنا ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے وائس چانسلر آفس میں بدعنوانی کے شواہد بھی جمع کرا دیئے ہیں، القادر ٹرسٹ میں 190 ملین پاؤنڈز کے مقدمے کی تفصیل سے بھی یونیورسٹی حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب مصدقہ ذرائع کے مطابق جمعیت علماء اسلام اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان سینیٹ میں تعاون کے حوالے سے ایک ’’پیکیج ڈیل‘‘ پر بات ہو رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پیکیج میں جے یو آئی نے مبینہ طور پر قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پی ٹی آئی کی حمایت کیلئے تحریک انصاف سے سینٹ کی 2 نشستوں کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کو یہ سیٹ اپنے قریبی عزیز اور سابق گورنر خیبرپختونخوا غلام علی کو سینیٹر بنوانے کیلئے درکار ہے لیکن ان کے پاس ووٹوں کی مطلوبہ تعداد کم ہے۔