بھارت کے جارح مزاج اوپنر ابھیشیک شرما نے سید مشتاق علی ٹرافی میں اپنی شاندار بیٹنگ سے سب کو حیران کر دیا۔ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے بنگال کے خلاف صرف 12 گیندوں میں نصف سنچری اور 32 گیندوں میں سنچری مکمل کی۔
25 سالہ بائیں ہاتھ کے بیٹر کی یہ اننگز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں مشترکہ طور پر چھٹی تیز ترین سنچری کے طور پر درج ہو گئی، جبکہ 12 گیندوں پر ففٹی مینز 20 کرکٹ میں کسی بھارتی بیٹر کی مشترکہ دوسری تیز ترین نصف سنچری ہے۔
ابھیشیک شرما نے اپنی اننگز میں 148 رنز بنائے، جن میں 16 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔ ان کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت پنجاب نے 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 310 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کیا، جو سید مشتاق علی ٹرافی کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا ریکارڈ ہے۔
ہدف کے تعاقب میں بنگال کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 198 رنز تک محدود رہی، جس سے پنجاب نے آسان فتح حاصل کی۔
