اسلام آباد: دنیا بھر میں سافٹ ویئر مسائل کا سامنا کرنے والے ائیر بس اے 320 طیارے پاکستانی ائیر لائنز میں بھی بڑی تعداد میں زیرِ استعمال ہیں، تاہم ملکی ایوی ایشن حکام نے انہیں مکمل طور پر محفوظ قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں اس وقت مجموعی طور پر 47 ائیر بس اے 320 طیارے سروس میں موجود ہیں۔ قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے حکام کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے اپنے ائیر بس طیاروں میں وہ فلائٹ کنٹرول سافٹ ویئر پیچ ELAC-L104 انسٹال ہی نہیں کیا جس کے باعث دنیا بھر میں مسائل سامنے آئے ہیں۔
حکام کے مطابق اسی وجہ سے پی آئی اے کے تمام ائیر بس اے320 طیارے مکمل طور پر محفوظ ہیں اور ان کی پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں۔
ایک نجی ایئر لائن کے ڈائریکٹر آپریشنز نے جیو نیوز کو بتایا کہ ان کے بیڑے میں شامل 12 ائیر بس اے320 طیاروں کا سافٹ ویئر مکمل طور پر اپڈیٹ ہے اور ان کے آپریشن میں کسی قسم کی تکنیکی رکاوٹ موجود نہیں۔
ائیربس کا اے320 طیاروں کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ، عالمی پروازیں متاثر ہونے کا خدشہ
ذرائع کے مطابق پاکستان کی تین نجی ائیر لائنز کے پاس ملا کر 18 ائیر بس اے320 طیارے موجود ہیں، جن کے سافٹ ویئر اور آپریشنز کے حوالے سے مکمل اطمینان ظاہر کیا گیا ہے۔
ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں استعمال ہونے والے ائیر بس اے 320 طیاروں میں کسی سنگین تکنیکی خطرے کی نشاندہی نہیں ہوئی، البتہ عالمی سطح پر سامنے آنے والی تکنیکی رپورٹس پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے۔
