چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا 3 سالہ مدت مکمل کرنے کے بعد اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے۔
ان کی سبکدوشی کے ساتھ ہی پارلیمنٹ کی منظور کردہ 27ویں آئینی ترمیم کے تحت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) کا عہدہ بھی باضابطہ طور پر ختم ہوگیا ہے۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاک فوج میں 40 سال پر مشتمل نمایاں عسکری خدمات انجام دیں۔ جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تینوں مسلح افواج کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کو فروغ دینے والا ایک اہم فورم تھا، جسے آئینی ترمیم کے بعد ختم کردیا گیا ہے۔
اب آرمی چیف چیف آف ڈیفنس فورسز کے اختیارات بھی سنبھالیں گے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جنرل ساحر شمشاد کی الوداعی ملاقات، خدمات کو شاندار خراجِ تحسین
جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر میں ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی جہاں انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا ایک ناقابلِ تصور رفتار سے تبدیل ہو رہی ہے اور یہ تبدیلی پاکستان کے اندرونی اور بیرونی چیلنجز پر اثر انداز ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اثرات ہائبرڈ جنگ سے لے کر روایتی جنگ تک وسیع ہیں، اور ان حالات میں مسلح افواج کو زیادہ ہم آہنگی، یکسوئی اور مشترکہ حکمت عملی کے ساتھ تیار رہنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی تعاون خواہش نہیں بلکہ ایک بنیادی ضرورت ہے۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا کی چار دہائیوں پر محیط خدمات کو ملک کے لیے غیر معمولی اہمیت کی حامل قرار دیا جا رہا ہے۔
