بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو ملک کے سب سے بڑے اعزاز، ’آرڈر آف بحرین فرسٹ کلاس سے نوازا۔ یہ اعزاز عالمی سربراہان کو دیا جانے والا بحرین کا اعلیٰ ترین ایوارڈ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بحرین کے بادشاہ سے ملاقات میں دونوں برادر ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات، باہمی اعتماد اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تفصیلی گفتگو کی۔
وزیراعظم نے پرتپاک استقبال اور اعزاز پر شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کا شکریہ ادا کیا اور بحرینی قیادت کی امن، رواداری اور بقائے باہمی کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور بحرینی سرمایہ کاروں کو غذائی تحفظ، آئی ٹی، کان کنی، سیاحت اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع حاصل ہیں۔
شہباز شریف نے کنگ حمد یونیورسٹی سمیت مختلف شعبوں میں بحرین کے تعاون کا شکریہ بھی ادا کیا اور قائداعظم محمد علی جناح کے بحرین میں وکالت کے تاریخی کردار کا ذکر کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورت حال اور غزہ کی تازہ پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا: "آج کا دورہ بحرین نہایت نتیجہ خیز رہا اور ’آرڈر آف بحرین‘ کا اعزاز حاصل کرنا میرے لیے باعثِ فخر ہے۔ دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور ثقافت میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
