اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی حصے میں ایک نیا اور بڑا عسکری آپریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق بدھ کے روز جاری بیان میں اسرائیلی فوج نے بتایا کہ Samaria کے علاقے میں وسیع انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کا آغاز کیا گیا ہے۔
فوج کا کہنا ہے کہ یہ نیا آپریشن جنوری 2025 میں شروع کیے گئے اُس آپریشن کا حصہ نہیں، جس کا ہدف بنیادی طور پر فلسطینی پناہ گزین کیمپ تھے۔ تازہ ترین کارروائی کو الگ اور اضافی فوجی آپریشن قرار دیا جا رہا ہے۔
مغربی کنارے میں صورتحال پہلے ہی انتہائی کشیدہ ہے۔ اکتوبر 2023 میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد یہاں تشدد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا، جبکہ 10 اکتوبر سے غزہ میں جاری جنگ بندی کے باوجود مغربی کنارے میں امن قائم نہیں ہو سکا۔
فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج یا آبادکاروں کے ہاتھوں ایک ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
ادھر غزہ کی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ اسرائیل نے مزید 15 فلسطینی قیدیوں کی لاشیں واپس کر دیں، جنہیں ریڈ کراس کے ذریعے غزہ منتقل کیا گیا۔ اس طرح اب تک اسرائیل سے موصول شہدا کی لاشوں کی مجموعی تعداد 345 ہو چکی ہے۔
