وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے واضح کیا ہے کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے اور ایسے افراد جو کسی کو بغیر ٹکٹ سفر کرائیں گے، دونوں کے خلاف کارروائی ہوگی اور انہیں جیل بھیج دیا جائے گا۔
اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِ ریلوے نے ریلوے پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں آئی جی ریلوے، ایس پی ریلوے پنڈی ڈویژن اور دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔
ریلوے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیرِ ریلوے کی ہدایات پر ٹکٹ چیکنگ مہم مزید سخت کر دی گئی ہے اور بغیر ٹکٹ سفر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ ریلوے کی زمینوں پر پرانی تجاوزات ختم کی جا رہی ہیں اور اراضی کا ہر انچ واگزار کرایا جا رہا ہے۔
اس موقع پر حنیف عباسی نے زور دیا کہ ٹکٹ نہ خریدنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور قانون پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
