انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے ویژن کے مطابق کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کے لئے ڈسٹرکٹ پولیس جہلم کے زیرِ اہتمام ’’فرینڈز آف پولیس‘‘ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنا، رابطے مضبوط کرنا اور بہتر پولیسنگ کیلئے کمیونٹی کو شامل کرنا ہے۔
فرینڈز آف پولیس پروگرام کے تحت یونیورسٹی آف پنجاب جہلم کیمپس کے اساتذہ اور طلباء نے پولیس آرگنائزیشنز کا ایک روزہ تربیتی دورہ کیا۔ وفد نے سپیشل انیشی ایٹو پولیس اسٹیشن سول لائنز، پولیس خدمت مرکز، میثاق سینٹر، ٹریفک پولیس آفس، دفتر پولیس جہلم اور جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا تفصیلی دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے شرکاء کو پنجاب پولیس کی پیشہ ورانہ خدمات، شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور عوامی تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ جدید سہولیات، ٹیکنالوجی اور اصلاحات کے ذریعے پولیس سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
ڈی پی او نے کہا کہ ’’فرینڈز آف پولیس‘‘ پروگرام کے انعقاد کا بنیادی مقصد کمیونٹی پولیسنگ کو مضبوط بنانا ہے تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد بڑھے اور مشترکہ تعاون سے بہتر امن و امان قائم کیا جا سکے۔
ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جہلم پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، عوامی رابطوں کے فروغ اور کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے پنجاب پولیس کا مثبت چہرہ پیش کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
