تھانہ صدر کے علاقے میں طالبِ علم پر پولیس اہلکاروں کے مبینہ تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ویڈیو میں شناخت ہونے والے کانسٹیبلز کو معطل کر دیا۔
ڈی پی او جہلم کی ہدایت پر واقعے کی مکمل اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کے لیے ایس ڈی پی او صدر سرکل کی سربراہی میں ایک خصوصی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی نے اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کی جس میں ملوث اہلکاروں کے خلاف الزامات درست ثابت ہوئے۔
رپورٹ کی روشنی میں ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کا حکم دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات کی سختی سے روک تھام ضروری ہے تاکہ نہ صرف پولیس کے وقار میں اضافہ ہو بلکہ عوام کا اعتماد بھی بحال رہے۔
ڈی پی او جہلم نے واضح کیا کہ جہلم پولیس قانون کی بالادستی، شہریوں کے تحفظ اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی پر یقین رکھتی ہے۔ کسی بھی اہلکار کی جانب سے اختیارات کا ناجائز استعمال یا شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
