پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار عالمی مقابلۂ حسنِ قرأت منعقد کیا جا رہا ہے، جو نہ صرف ملک کے لیے اعزاز ہے بلکہ ایک بابرکت روحانی لمحہ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس تقریب کا افتتاح وفاقی وزیرِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کے لیے تاریخی ہے، کیوں کہ پہلی بار عالمی سطح پر قرآنِ مجید کی تلاوت کا ایسا شان دار مقابلہ پاکستان میں ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور میں شروع کی گئی مذہبی اصلاحات کو موجودہ حکومت وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں دوبارہ فعال اور مضبوط کیا جا رہا ہے۔
وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ حکومت نے علماء و مشائخ کونسل کا کنونشن منعقد کیا، نظام صلوٰۃ اور قرآن بورڈ کے قیام کے لیے بھی کام جاری ہے۔ ان کے مطابق قرآن حکیم سرچشمۂ ہدایت ہے، اور اس مقابلے کا انعقاد قومی و مذہبی خوش نصیبی ہے۔
سردار محمد یوسف نے مزید بتایا کہ دنیا کے 40 مختلف ممالک سے قراء حضرات اس مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں، جو پاکستان کے لیے بڑی سعادت کی بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قرآن کی زبان عربی ہے اور اسے سمجھنے کے لیے عربی سیکھنا نہایت اہم ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس بابرکت محفل کی بدولت پاکستان میں عربی زبان کی تعلیم کو فروغ ملے گا اور دینی فہم میں اضافہ ہوگا۔
