پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز پر خودکش حملے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ایک حملہ آور سنہری مسجد روڈ کی جانب سے پیدل مرکزی گیٹ تک پہنچا اور چادر اوڑھے ہوئے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکے کے نتیجے میں تین ایف سی اہلکار شہید ہو گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے کے فوراً بعد دو دیگر حملہ آور سائیڈ گیٹ سے اندر داخل ہوئے، جن کے پاس رائفلز اور ہینڈ گرنیڈ بھی تھے۔
وہ موٹر سائیکل اسٹینڈ کے قریب پہنچ کر فائرنگ کرنے لگے، تاہم سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دونوں مارے گئے۔ حملہ آوروں کو ہیڈکوارٹر کے اندر مرکزی گیٹ سے تقریباً 30 تا 40 میٹر کے فاصلے پر ہلاک کیا گیا۔
پولیس کے مطابق دہشتگردوں کا مقصد لوگوں کو یرغمال بنانا تھا کیونکہ ہیڈکوارٹر میں اعلیٰ افسران اور زیادہ نفری موجود تھی، اور اس وقت پریڈ بھی جاری تھی۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کر کے ایف سی ہیڈکوارٹرز کو کلیئر کر دیا ہے اور حملہ آوروں کی شناخت بھی ہو گئی ہے۔
