بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر کی موت کا دعویٰ کردیا۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ دھرمیندر 24 نومبر کو طویل علالت کے بعد 89 برس کی عمر میں چل بسے۔ رپورٹ کے مطابق دھرمیندر کو سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ دھرمیندر کو دو ہفتے قبل بھی سانس لینے میں دشواری کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا جس کے بعد بھارتی میڈیا نے انکے انتقال کی جھوٹی خبریں نشر کی تھیں۔
دھرمیندر کے اہلخانہ نے بھارتی میڈیا کی جھوٹی خبروں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انکی تردید کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق دھرمیندر نے اپنی آخری فلم ’اکیس‘ میں اداکاری کی تھی جو 25 دسمبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔
دھرمیندر نے 1960 میں فلم ’دل بھی تیرا ہم بھی تیرے‘ سے کیریئر کا آغاز کیا اور چھ دہائیوں پر مشتمل اپنے سفر میں بالی وڈ کو ’شعلے‘، ’یادوں کی بارات‘، ’میرا گاوں میرا دیش‘، ’پھول اور پتھر‘ جیسی یادگار فلمیں دیں۔ انہیں 2012 میں حکومتِ ہند نے پدم بھوشن ایوارڈ سے نوازا۔
سنی دیول میڈیا پر برس پڑے، والد دھرمیندر کی جھوٹی موت کی خبر پر غصہ
پنجاب کے لدھیانہ میں دھرمیندر کیول کرشن دیول کے نام سے پیدا ہونے والے اداکار نے 19 سال کی عمر میں پرکاش کور سے شادی کی، بعد ازاں وہ اداکارہ ہیما مالنی کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے۔
اپنی بڑھتی عمر کے باوجود دھرمیندر سوشل میڈیا پر متحرک رہے، وہ اکثر اپنی ویڈیوز میں کاشتکاری، صحت مند طرزِ زندگی، اور مثبت سوچ کے بارے میں مشورے دیتے تھے۔
