پشاور: ایف سی ہیڈکوارٹر پر خودکش حملہ، 3 دہشتگرد مارے گئے، 3 اہلکار شہید

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر ہونے والے خودکش حملے کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ ایک خودکش حملہ آور نے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اُڑایا، جبکہ دو دہشتگرد اندر داخل ہونے کی کوشش میں مارے گئے۔ حملے میں ایف سی کے تین اہلکار شہید اور دو زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

latest urdu news

حملے کے بعد پولیس، ایلیٹ فورس اور ریسکیو اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق چھ ایمبولینسز اور خصوصی گاڑیاں موقع پر پہنچیں جبکہ زخمیوں کو ایل آر ایچ منتقل کیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

آئی جی خیبر پختونخوا نے تصدیق کی کہ تینوں دہشتگرد ہلاک ہو چکے ہیں اور آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگرد فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھتے تھے اور صبح آٹھ بجے کے قریب حملے کی کوشش کی گئی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ صدر اور وزیراعظم نے شہدا کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا جبکہ وزیر داخلہ نے ایف سی کے اہلکاروں کی جرات اور بروقت کارروائی کو خراج تحسین پیش کیا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter