ویتنام کے مختلف حصوں میں طوفانی بارشوں اور شدید سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 90 تک پہنچ گئی ہے۔
وزارت قدرتی وسائل و ماحولیات کے بیان کے مطابق جنوبی اور وسطی ویتنام میں 16 نومبر سے جاری شدید بارشوں کی وجہ سے وسطی صوبے ڈیک لاک میں اب تک 63 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں گھر سیلاب میں بہہ گئے ہیں۔ مزید 12 افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ہزاروں افراد کو مشکلات کا سامنا ہے اور حکومتی تخمینے کے مطابق سیلاب سے پانچ صوبوں میں تقریباً 34 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا معاشی نقصان ہوا ہے۔ امدادی کارروائیاں متاثرہ علاقوں میں جاری ہیں۔
ڈیک لاک میں 2 لاکھ ایکڑ فصلیں تباہ ہو چکی ہیں اور 32 لاکھ پالتو مویشی یا تو ہلاک ہو گئے یا سیلابی پانی میں بہہ گئے۔
ویتنام میں عموماً شدید بارشیں جون سے ستمبر کے دوران ہوتی ہیں، مگر سائنسدانوں کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث یہ رجحان اب بدل رہا ہے، جس سے اکتوبر کے آخر میں بھی شدید سیلاب اور تباہی دیکھنے کو ملی۔
