پنجاب کے متعدد شہروں میں صفائی کی غیر تسلی بخش صورتحال پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ لاہور میں ستھرا پنجاب پروگرام کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی، جس کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ فنڈز اور اختیارات دینے کے باوجود مطلوبہ نتائج نہ آنا انتہائی افسوسناک ہے۔
مریم نواز نے اجلاس میں ہدایت کی کہ جن ٹھیکیداروں کی کارکردگی ناقص ہے اُن کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو گورننس کا معیار بلند کرنا ہوگا، کیونکہ 40 سے 50 ارب روپے کی مشینری اور ڈیڑھ لاکھ کی صفائی فورس کے باوجود کوڑے کے ڈھیر کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے آوارہ کتوں کے کاٹنے اور اوپن مین ہولز میں گر کر ہونے والی ہلاکتوں پر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی سرزنش بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسائل انتظامیہ کی کمزور نگرانی کی نشاندہی کرتے ہیں، جسے فوری طور پر درست کرنا ضروری ہے۔
اجلاس میں تجاوزات کے مستقل خاتمے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے 24 گھنٹے مانیٹرنگ کا حکم بھی دیا گیا۔ مریم نواز نے سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کی جانب سے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی واضح کیا کہ غیر معیاری کارکردگی دکھانے والے ضلعی سربراہان کو تبدیل کیا جائے گا، کیونکہ صوبائی حکومت عوامی سہولیات کے معاملات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرے گی۔
