خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سکیورٹی فورسز نے اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 8 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مشترکہ طور پر کی گئی جس کا نشانہ بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشتگرد تھے۔
ترجمان کے مطابق مارے گئے دہشتگردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ یہ دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور بے گناہ شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔ فورسز نے علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے پیش نظر گھیراؤ بڑھا دیا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے "عزمِ استحکام” ویژن کے تحت کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔ 20 اور 21 نومبر کو بھی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں دو کامیاب کارروائیوں کے دوران 13 دہشتگرد مارے گئے تھے، جن میں لکی مروت کے علاقے پہاڑ خیل میں ہونے والا آپریشن بھی شامل ہے۔
سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ملک میں امن و امان کے قیام تک دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے۔
