دبئی ایئر شو میں بھارتی جنگی طیارہ تیجس کی ہلاکت خیز تباہی کے بعد بھارتی میڈیا نے روایتی انداز میں ذمہ داری کا بوجھ امریکا پر ڈال دیا ہے۔
بھارتی اینکرز ارنب گوسوامی اور جنرل ریٹائرڈ بخشی نے اپنی نشریات میں دعویٰ کیا کہ حادثے کی وجہ امریکی کمپنی جنرل الیکٹرک کے تیار کردہ انجن ہیں۔ ارنب نے کہا کہ تیجس امریکی GE انجن پر چلتا ہے اور انجن کی فراہمی میں تاخیر نے بھارت کی دفاعی تیاری کو کمزور کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نئے انجنوں کی سپلائی سست کر رہا ہے اور ایل سی اے تیجس پروگرام کو اپنے مفادات کیلئے خطرہ سمجھتا ہے۔
جنرل ریٹائرڈ بخشی نے پروگرام میں کہا کہ GE-404 انجن بھارت کو دو سال پہلے ملنے چاہیے تھے، لیکن اب تک صرف دو انجن دیے گئے ہیں، حالانکہ بھارت اس کے لیے ایک ارب ڈالر ادا کر چکا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق بھارتی حکومت اور گودی میڈیا اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے اکثر بیرونی عناصر کو ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔ اس طرزِ عمل سے نہ صرف عالمی سطح پر سبکی ہوتی ہے بلکہ بھارتی عوام کی توجہ بھی اصل دفاعی کمزوریوں اور حکومتی ناکامیوں سے ہٹا دی جاتی ہے۔
بھارتی جنگی طیارہ تیجس گرنے کے بعد HAL کے شیئرز میں کمی، دفاعی صنعت پر سوالات
واضح رہے کہ گزشتہ روز دبئی ایئر شو میں تیجس طیارہ کرتب دکھاتے ہوئے گر کر تباہ ہوا اور پائلٹ جان بچانے میں ناکام رہا۔ عینی شاہدین کے مطابق طیارہ انتہائی تیزی سے نیچے آیا، رن وے کے قریب زمین سے ٹکرایا اور فوراً آگ بھڑک اٹھی۔ طیارہ حادثے نے بھارتی دفاعی صنعت کی صلاحیتوں پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
