جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سروس کی شدید خرابی نے شہریوں کی روزمرہ زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔
شہریوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی دنوں سے کالز ڈراپ ہو رہی ہیں، سگنلز غائب ہیں اور انٹرنیٹ سروس بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ ایکس (ٹویٹر) مکمل طور پر غیر فعال ہیں جبکہ فیس بک، واٹس ایپ اور دیگر اہم ایپلیکیشنز مسلسل تعطل کا شکار ہیں۔
شہریوں کے مطابق گھروں کے اندر موبائل سگنلز بالکل ختم ہو جاتے ہیں، کال لگانا مشکل ترین ہو گیا ہے اور متعدد بار ڈائل کرنے کے باوجود بات مکمل نہیں ہو پاتی۔ انٹرنیٹ کی ناکارہ کارکردگی کے باعث ایپس ڈاؤن لوڈ نہیں ہو رہیں، چیٹس سینڈ نہیں ہو رہیں اور ویڈیو اسٹریمنگ میں بار بار تعطل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کاروباری افراد، طلبہ اور عام صارفین اس صورتحال سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔
شہریوں نے شکوہ کیا کہ گزشتہ کئی سالوں میں کسی بھی موبائل کمپنی نے سروس کی بہتری کے لیے موثر اقدامات نہیں کیے، اور نہ ہی ایسا کوئی نظام موجود ہے جو بروقت مسئلے کو حل کر سکے۔ ضلع کے مختلف علاقوں میں بھی انٹرنیٹ کی غیر معمولی سست رفتاری کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس سے نہ صرف تعلیم و کاروبار متاثر ہو رہا ہے بلکہ عوامی رابطوں میں بھی خلل پیدا ہو رہا ہے۔
شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی بہتری کے اقدامات کیے جائیں تاکہ عوامی زندگی اور روزمرہ کام کاج میں آسانی پیدا کی جا سکے۔
